ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں بارش سے زمین بھی کانپ اٹھی :درخت اوربجلی کےکھمبے اُکھڑ گئے ، ندی میں پانی کی سطح خطرے پر

بھٹکل میں بارش سے زمین بھی کانپ اٹھی :درخت اوربجلی کےکھمبے اُکھڑ گئے ، ندی میں پانی کی سطح خطرے پر

Wed, 29 Jun 2016 20:32:13    S.O. News Service

بھٹکل:29جون(ایس او نیوز)گذشتہ ایک ہفتہ سے تعلقہ بھر میں تسلسل کے ساتھ برستی بارش اور طوفانی ہواؤں کے نتیجےمیں زمین کپکپااٹھی ہے تو تعلقہ کی اکثر سڑکیں آب دوز ہوگئی ہیں ، سواریوں کی آمد و رفت اور عوامی چہل پہل کا نظام بری طرح متاثر ہواہے، چوتھنی کی ندی کی سطح خطرہ کی گھنٹی بجارہی ہے، ساحلی مکینوں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔

          موسلا دھار بارش سے ہیبلے کے گاندھی نگر علاقہ میں بجلی کا کھمبا گر گیا جس کے ساتھ ہی اس ماہ میں ہوئی بارش سے کل 52بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچاہے۔ بارش نے ابھی تک26بجلی ٹرانسفرمرس کو خراب کیا ہے ، قومی شاہراہ سے متصل تنگنگنڈی کراس روڈ، بھٹکل شمس الدین سرکل سمیت تعلقہ کے اہم علاقے آب دوز ہوگئے ہیں۔ وینکٹاپور کے قریب کی ایک مسجد میں پانی گھسنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ شرالی ، بینگرے ، مرڈیشور کے علاقوں میں سیکڑوں زرعی زمین پانی میں ڈوب گئی ہے۔ شہر کے درمیان سے گزرنے والی چھوٹی سڑکیں اور پگڈنڈیاں بارش کے پانی کے بہاؤ سے بہہ گئی ہیں۔ تحصیلدار وی این باڈکر اپنے عملے کے ساتھ جائے وقوع کا دورہ کرتے ہوئے جائزہ لینے میں لگے ہوئے ہیں۔ تعلقہ کے چوتھنی ، بینگرے سمیت نشیبی علاقوں کے گھروں میں پانی گھس گیا ہے۔ ندیوں میں طغیانی آئی ہے جس کو دیکھتے ہوئےسیلاب کا خدشہ جتایا جارہا ہے۔پیشگی اقدامات کے طورپر تعلقہ انتظامیہ نے ندی کناروں کے مکینوں کو خطرے کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں چوکنا کیا ہے۔ گورٹے ، بیلکے ، منڈلی ، نستار ، تنگنگنڈی ، ہونے گدے کے سمندر ی ساحل پر طوفانی لہروں کا ناچ جاری ہے۔ ساحلی کٹاؤ بھی ہورہاہے، ریت بہہ کر راستوں کوروک رہی ہے، چھوٹی چھوٹی کشتیوں سے مچھلی شکار کرنےوالے ماہی گیر سمندری لہروں کی اچھال کو دیکھتے ہوئے عارضی طورپر کنارے پہنچ گئے ہیں۔ بارش کی وجہ سے اسکولوں اور کالجوں میں طلبا کی حاضری میں کافی کمی دیکھی جارہی ہے، البتہ سرکاریاسپتال میں حاضری زیادہ ہورہی ہے۔ موسلادھار بارش کے چلتے رمضان بازار کافی متاثر ہوتا نظر آرہاہے۔

  بھٹکل تحصیلدار دفتر سے ملی اطلاع کے مطابق منگل سے بدھ کی صبح تک 112.8م م بارش کی پیمائش درج کی گئی ہے۔ جبکہ امسال کل بارش کی پیمائش میں 1485.5م م درج کی گئی ہے۔ گذشتہ سال جون 29 تک  بارش کی پیمائش صرف 943.2م م درج ہوئی تھی ۔


Share: